کراچی: اورنگی ٹاؤن میں پی ٹی آئی کے دو کارکنان قتل


کراچی: اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا گیا۔ مقتولین پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان تھے۔

ہم نیوز کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پی ٹی آئی کے دونوں کارکنان کی نعشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع سے مقتولین کی شناخت شفقت اور عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق سید محمد شفقت پی ایس- 117 کے آفس انچارج اور عبدالرحمان پی ایس- 120 کے سینئر کارکن تھے۔

موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق عبدالرحمان کی علاقے میں موبائل فون ریپئرنگ کی دکان ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم نقاب پوش ملزمان نے باقاعدہ گھات لگا کر تین گولیاں ماریں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔

پولیس کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر فائرنگ کا واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔

رحمت چوک اورنگی ٹاؤن پہ ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق شخص کی شناخت شفقت کے نام سے ہوئی ہے جو کچھ دن قبل ہی پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔

پولیس نے ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کو ابتدائی طور پر ذاتی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان کے قتل کا واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سیاسی رہنماؤں کے مطابق شہر قائد میں سیاسی کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ میں اچانک تیزی آئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے پی ٹی آئی کارکنان کے قتل پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بھی ہمارے دو کارکنان کو ٹارگٹ کر کے مارا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا کہ دن بدن شہر کے حالات خراب ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقتولین کے لواحقین سے ملیں۔ انہوں نے لواحقین کو انصاف دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے شہر میں قتل و غارت بڑھ گئی ہے اور اگر اس پر فوراً کنٹرول نہ کیا گیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شفقت کو چہرے پر تین گولیاں مار کر شہید کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت سندھ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی سیاسی کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ پرحکومت کی خاموشی مجرمانہ ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت شہر کا امن تباہ کرنے کی کوششں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ڈی جی رینجرز سندھ سے واقع کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے خبردار کیا کہ اگر شہر کا امن بحال نہ کیا گیا تو پاکستان تحریک انصاف بھرپور احتجاج کرے گی۔

ہم نیوز کے مطابق سربراہ تنظیم ( ایم کیو ایم پاکستان ) بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے اورنگی ٹاؤن فائرنگ واقعہ پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر پیش آنے والے واقعات کا نوٹس لے۔

سابق میئر کراچی اور سابق وزیر ڈاکٹر فاروق ستار نے پی ٹی آئی کارکنان کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے واقعہ کی مذمت کی اورکہا کہ دہشت گردی کے واقعات دراصل شہر کا امن خراب کرنے کی شازش ہیں۔


متعلقہ خبریں