فیصل آباد: سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے عالمی کپ کے لیے سرفراز احمد کو ہی کپتان برقرار رکھنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز دو سال سے کپتانی کررہا ہے عین ٹائم میں کپتان بدلنے کاسوال نہیں ہونا چاہیے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کیلئے سرفراز کا نام بطور کپتان فائنل کردیا گیا ہے، کپتان جو بھی ہو کھلاڑیوں کی محنت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے تینوں شعبوں کو مضبوط کرنا ہوگا، جنوبی افریقہ سیریز میں ناکامی کی وجہ یہ ہی ہے کہ ٹیم کی مسلسل پریکٹس نہیں ہوتی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فور کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیزن میں پشاور زلمی کا اہم کردار رہا ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اس بار بھی تمام کھلاڑی بھرپور محنت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے میچ پاکستان کے بڑے شہروں میں ضرور ہونے چاہئیں۔