لاہور: پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر اپنےتحٖفظات سے بھارتی حکام کو آگاہ کردیا ہے۔
ہم نیوزذرائع کےمطابق پاکستانی انڈس واٹر کمشنر سید مہرعلی شاہ کی سربراہی میں وفد نے بھارت میں زیر تعمیر متنازع آبی منصوبوں کا دورہ مکمل کر لیاہے، وفد نے دورے کے دوران دریائے چناب پر بنائے جانے والے چار آبی منصوبوں کا معائنہ کیا۔
پاکستانی وفد نے پاکل دل، رتلے، لوئیر کلنائی اور بگلہاڑ ہائیڈروپاور پراجیکٹس کا دورہ کیا اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا۔ وفد نے بھارت کی جانب سے خلاف ورزیوں سے متعلق بھارت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔
پاکستانی انڈس واٹر کمشنر دورہ مکمل کرکے آج واپس پہنچنے کے بعد اپنی سفارشات سے پاکستانی اداروں کو آگاہ کرے گا۔ پاکستانی ماہرین کی سفارشات کی روشنی میں وزارت پانی و بجلی سمیت دیگر محکمے اپنا سرکاری موقف پیش کریں گے۔
بھارت کی طرف سے سند طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان کے اصرارپر بھارتی وفد نے گزشتہ برس اگست میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ متنازع آبی منصوبوں کے معائنے کے لیے بھارت کی جانب سے پہلے بلدیاتی انتخابات کا بہانہ بنایا گیا لیکن 27 جنوری سے دورے کی اجازت دے دی گئی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدہ 1960 میں عالمی بینک کے ضامن بننے پرہوا،اس کے تحت بھارت کو پنجاب کے تین دریاوں بیاس،راوی اور ستلج کا پانی ملے گا جبکہ جموں و کشمیر سے نکلنے والے مغربی دریاؤں چناب، جہلم اور سندھ کا کنٹرول پاکستان کے پاس ہوگا۔