کراچی: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مراعات میں اضافہ نہ کیے جانے کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔
ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن نے کراچی، نصرپور اسپتال اور سمیت سندھ بھر میں او پی ڈیز کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ حیدرآباد او پی ڈی کے باہر ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا جس میں ڈاکٹروں نے بینرز اٹھا کر سندھ حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ہے۔
ینگ ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ میں موجود ڈاکٹرز کی تنخواہیں اور مراعات پنجاب کے ڈاکٹرز کے برابر کی جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار بڑھا دیا جائے گا جبکہ جناح اسپتال کی انتظامیہ اس صورتحال پر بات کرنے سے گریز کر رہی ہے۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ ان کی جانب سے اسپتالوں کے ہیڈ آف ڈیپارٹمینٹس کو احتجاج کے متعلق پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا تاہم اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں کی گئی۔
ٹنڈوالہ یار میں بھی او پی ڈی کے بائیکاٹ کی وجہ سے مریضوں کو واپس بیجھا جا رہا ہے۔ اسپتالوں میں بیمار بچوں اور خواتین سمیت مریضوں کا رش لگ گیا ہے۔ سخت سردی میں دور دور سے آنے والے مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس حوالے سے مریضوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز اپنے مطالبات کے کے لیے ہماری زندگیاں داؤ پر کیوں لگا رہے ہیں۔