موجودہ حکومت میں ملک کو ڈوبتے دیکھ رہا ہوں، مرادعلی شاہ

فائل:فوٹو


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت ملک میں کام نہیں کررہی، اس لیے موجودہ دور میں پاکستان کو ڈوبتے دیکھ رہا ہوں۔

سندھ اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے معاملے پر وفاق کو تین مرتبہ خط لکھے جن کا کوئی خاطر خواہ جواب نہیں ملا۔ سرکلر ریلوے کے معاملے پروزیراعظم عمران خان کو بھی خط لکھا جس کے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ دورہ چین پر حکومت خوش نہیں تھی اس لیے میرا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، اللہ کی مہربانی سے عدالت نے وہاں سے نام نکلوادیا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ای سی سی کے اجلاس میں کیٹی بندر اور کے سی آر منصوبے کی بات کرنی تھی لیکن حکومت کی دلچسپی یہ ہے کہ ایجنڈے سے منصوبے کو ہی نکال دیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ چین میں 29 دسمبر 2016 کو کہا کہ جو پیکج لاہور میں اورنج ٹرین کو دیا ہے وہی سندھ میں کے سی آر کو دیا جائے مگر اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ سابق دور حکومت میں خطوط کا جواب آجاتا تھا جب سے وزیراعظم عمران خان آئے ہیں، خطوط کا جواب بھی نہیں دیا جارہا ہے۔ اس سے اندازہ لگا لیں کہ سندھ کے معاملات میں انکی کتنی دلچسپی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ان ووٹروں کے لیے کام کرے جنہوں نے کام کے لیے ووٹ دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت میں کام نہیں ہورہا اس لیے ملک کوڈوبتے دیکھ رہا ہوں۔

وزیراعلی سندھ کی تقریر پر اپوزیشن کو بحث اور تقریروں کی اجازت نہ ملی جس پر انہوں نے ایوان میں شورشرابا کیا۔


متعلقہ خبریں