وزیر معدنیات پنجاب وزرات میں مداخلت پر مستعفی

ق لیگی صوبائی وزیر نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا | ہم نیوز

صوبائی وزیر معدنیات عمار یاسر—فائل۔


لاہور: پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت میں دراڑیں پڑنا شروع ہوگئیں، صوبائی وزیر معدنیات عمار یاسر نے وزرات میں مداخلت پر اپنا استعفٰی پارٹی قیادت کو بھجوادیا ہے۔

تحریک انصاف حکومت کی اہم اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے وزیر معدنیات پنجاب حافظ عماریاسر نے اپنا استعفٰی چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کو بھجوادیا ہے ۔

ہم نیوز کے مطابق عمار یاسر نے اپنے استعفٰی میں لکھا ہے کہ میری وزرات اور کام میں بلاوجہ رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، وزرات کا منصب قوم کی خدمت کے لیے قبول کیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ دباؤ کے تحت کام کرنے کا عادی نہیں ہوں اور بے جا مداخلت کے باعث اپنی وزرات پر کام نہیں کرپارہا، اس لیے اپنی وزرات سے استعفٰی دیتا ہوں۔

اس سے قبل وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کے فاورڈ بلاک سے متعلق بیان پر بھی مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی نے ناراضی کا اظہار کیا تھا جس پر فواد چوہدری نے ان سے معذرت کی تھی اور کہا تھا کہ غلطی سے مسلم لیگ ق کا نام ان کے منہ سے نکل گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبرمیں بھی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین سے ملاقات میں گورنرپنجاب چوہدری سرور کو کنٹرول کرنے اورمداخلت سے روکنے کی بات کی گئی تھی۔

پنجاب میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے پاس پنجاب اسمبلی میں 10 نشستیں ہیں جن میں چکوال سے الیکشن جیتنے والے حافظ عماریاسر بھی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں