بھارتی قید سے رہائی پانے والے دو پاکستانی واہگہ بارڈ پہنچ گئے

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: بھارتی جیل میں سزا کاٹنے والے دو پاکستانی شہری پاکستان پہنچ گئے۔ پاکستان داخل ہوتے ہی دونوں شہری سربسجود ہو گئے۔

بھارتی جیل میں اپنی سزا پوری کرنے والے پاکستانی شہری عمران وارثی اور عبداللہ کو واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان کے حوالے کیا گیا۔ بھارتی سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) حکام نے دونوں شہریوں کو پاکستان رینجرز کے سپرد کیا۔

کراچی کے رہائشی عمران وارثی کی بھارتی جیل میں دس سال کی سزا پوری ہونے کے بعد رہائی ممکن ہوئی ہے جب کہ عبداللہ کو 2017 میں غیر قانونی طور پر بارڈر کراس کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

عمران وارثی بھارتی شہر کولکتہ میں اپنے انکل کی بیٹی شازیہ سے محبت کرتا تھا اور اس سے شادی کے لیے بھارت گیا تھا۔ جہاں اس کے دو بچے بھی ہیں، ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد وہ اپنے بیوی بچوں کو لے کر بھوپال شفٹ ہو گیا تھا لیکن اس کے سسرالی رشتے داروں نے اس کے ویزے اور رہائش کے متعلق پولیس کو آگاہ کر دیا تھا۔

عمران کو 2007 میں بھوپال سے گرفتار کیا گیا۔ جس کی سزا 19 جنوری 2018 کومکمل ہو گئی تھی تاہم بھارت کی جانب سے اُسے رہا نہیں کیا گیا بلکہ 14 مارچ 2018 کو جیل سے بھوپال کے ایک گارڈین سینٹر میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

بھوپال کے سماجی کارکن سید عابد حسین نے پاکستانی ہائی کمیشن سے مل کر عمران کے کاغذات تیار کروائے۔ دس سال بھارتی قید میں رہنے کے باعث عمران کا دماغی توازن درست نہیں رہا ہے۔

غیر قانونی طور پر بارڈر پار کرنے والا عبداللہ بھارتی اداکار شاہ رخ خان سے ملنے بھارت گیا تھا۔

پاکستانی حکام کے مطابق دونوں شہریوں کی کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اُنہیں گھروں کو روانہ کردیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں