لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف سے جیل میں ملاقات کے لیے جمعرات کا دن مختص کر دیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف سے اُن کے اہلخانہ، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے بھی ملاقات کروائی جائے گی اور ملاقات کا وقت جمعرات کے روز صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کا رکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف سے ملاقات کے لیے آنے والوں کو نواز شریف سے پوچھ کر ہی ملاقات کی اجازت دی جائے گی اور ملاقات جیل کے بی شیڈ میں کرائی جائے گی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں قیدی نمبر 4470 الاٹ کیا گیا ہے۔
نواز شریف کا جیل میں ہی طبی معائنہ بھی کیا گیا۔ ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم نے 45 منٹ تک سابق وزیراعظم کا طبی معائنہ کیا۔ طبی معائنہ کے لیے جیل حکام نے سروسز اسپتال سے ڈاکٹرز کی ٹیم کو طلب کیا گیا تھا۔
ڈاکٹرز نے سابق وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے اُن سے تفصیلات پوچھیں جب کہ ڈاکٹرز نے نوازشریف کے بلڈ پریشر کو بالکل نارمل قرار دیا۔ نواز شریف کو رات گئے گھر سے آنے والی ادویات بھی پہنچائی گئیں۔
سابق وزیر نواز شریف کو دو روز قبل 24 دسمبر کو العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں سات سال قید کی سزا سنائی گئی جب کہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ میں بری کر دیا گیا۔
نواز شریف کو سزا سنائے جانے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کیا جانا تھا تاہم نواز شریف کی جانب سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کرنے کی درخواست کی گئی جسے احتساب عدالت نے منظور کرتے ہوئے نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔
نواز شریف کو ایک رات اڈیالہ جیل رکھنے کے بعد گزشتہ صبح خصوصی طیارے کے ذریعے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا۔ جہاں اُن کے بھائی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف پہلے سے قید ہیں۔