مایہ ناز فاسٹ بولر ڈیل اسٹین جنوبی افریقہ کے کامیاب ترین بولر بننے کے قریب ہیں، ممکنہ طور پر پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن جایئں گے۔
اس وقت جنوبی افریقہ کے سابق کپتان شان پولک 426وکٹیں لے کر پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ ڈیل اسٹین کی بھی 426 وکٹیں ہیں۔ ڈیل اسٹین انجریز کے باعث گزشتہ تین سالوں میں محض چھ ٹیسٹ کھیل سکے۔
پاکستان کے خلاف سیریز میں جنوبی افریقہ کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے، ہوم ٹیم کی پیس بیٹری انجریز کا شکار ہے،جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں جہاں ویرن فیلنڈر اور لنگی نگیڈی انجریز کے باعث ٹیم سے باہر ہیں وہیں انجری سے واپسی کرنے والے ڈیل اسٹین پاکستان کے خلاف پریٹوریا میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں کاغیسو رباڈا کے ہمراہ نئی بال پھینکنے کے فرائض سر انجام دیں گے۔
حالیہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں جنوبی افریقہ کے پیس اسٹار ڈیل اسٹین اپنے پورے جوبن میں دکھائی دیے، ڈیل اسٹین نے اپنے پیس سے آسٹریلوی بلے بازوں کو مشکل میں ڈالے رکھا اور بہت عمدہ کارکردگی دکھائی۔
جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیل اسٹین ایک عظیم فاسٹ بولر ہیں اور 2019 کے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے پلان کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیل اسٹین میں اب بھی دو سال کی ٹیسٹ کرکٹ باقی ہے۔