لاہور: پنجاب حکومت نے آئندہ سال یکم جولائی سے پنجاب پولیس کا پرانا یونیفارم بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر آئی جی پنجاب نے اس حوالے سے احکامات بھی جاری کردیے ہیں
اس موقع پر آئی جی پنجاب شہباز گل نے کہا کہ یکم جولائی 2019 سے پنجاب پولیس کی خاکی وردی اور سیاہ شرٹ بحال کر کے فراہم کر دی جائے گی۔
یاد رہے کہ پنجاب پولیس کی پرانی وردی تبدیل کرنے کی تجویز 2012 میں دی گئی تھی جس میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ کالی شرٹ کے باعث پولیس اہلکاروں کو موسم گرما میں پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دینے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
اس ضمن میں آئی جی پنجاب کی جانب سے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے مختلف نمونہ جات کا جائزہ لینے کے بعد سبز رنگ کی وردی کو متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔
پنجاب پولیس صوبے کے 8 کروڑ 18 لاکھ سے زائد مکینوں کو خدمات فراہم کرتی ہے۔ دو ہزار 151 سے زائد خواتین اہلکار رکھنے والی پنجاب پولیس کی کل تعداد ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد بتائی جاتی ہے۔