چینی قونصلیٹ جنرل کراچی کی دہشت گردی روکنے پرسیکیورٹی گارڈز کی تعریف


چینی قونصلیٹ جنرل کراچی نے 3 نومبر کے دہشت گردی کے حملے کو روکنے کے حوالے سے سیکیورٹی اینڈ مینیجمنٹ گارڈز (ایس ایم ایس) کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

اپنے خط میں چینی کونسل جنرل وانگ یو نے اپنے اسٹاف سمیت ان تینوں گارڈز کے لیے پرخلوص احترام اور شکرگزاری کے جذبات کا اظہار کیا ہے جنہوں نے دہشت گردوں کے حملے کے خلاف مزاحمت کی۔

انہوں نے کہا کہ تینوں غیرمسلح گارڈز (شوکت علی تالپور، محمد کامران اور عبد الرزاق) نے اپنے فرائض شاندار طریقے سے ادا کیے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ ایس ایم ایس کی شاندار تربیت اور گارڈز کی بہادری اور لگن کی قدر کرتے ہیں۔

چینی قونصلیٹ جنرل نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان اور چین مشترکہ امن اور خوشحالی کے لیے قریبی تعلقات کو مضبوط کرتے رہیں گے۔

ایس ایم ایس اور پاتھ فائنڈر گروپ نے چینی قونصل جنرل کے اس خط کے جواب کہا ہے کہ چینی سفارت کاروں کو سیکیورٹی اور تحفظ دینا ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔

چینی قونصلیٹ پرحملہ

واضح رہے  گزشتہ ماہ کراچی میں  موجود چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور جوابی فائرنگ میں تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔

سانحے میں قونصلیٹ میں ویزہ لینے کے لیے آنے والے باپ بیٹا بھی شہید ہو گئے تھے۔

قونصل خانے پر حملے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حملہ پاک چین معاشی اور تزویراتی تعلقات کے خلاف سازش ہے اور ایسے واقعات پاک چین تعلقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتے۔


متعلقہ خبریں