ہاکی ورلڈ کپ دوسرا دن،ارجنٹائن اور نیوزی لینڈ کامیاب

فوٹو: فائل


بھوبنیشور:ہاکی ورلڈ کپ2018ء میں اولمپک گولڈ میدلسٹ ٹیم ارجنٹائن نے اسپین کو سنسنی خیز میچ میں تین کے مقابلے میں چارگول سے شکست دے دی ، جبکہ آج کھیلے گئے دوسرے ہاکی میچ میں کیویزنے فرانس کو دو۔ ایک سے ہرا دیا۔

بھارت کے شہر بھونیشور میں جاری 14واں ہاکی ورلڈکپ 2018 کے دوسرے روز ارجنٹائن اور اسپین کے درمیان سنسنی خیز میچ ہوا، ابتدائی دو کوارٹرز میں اسپین کا پلہ ذرا بھاری رہا اور اس نے دو مرتبہ برتری حاصل کی جسے ناصرف ارجنٹائن نے برابر کر دیا بلکہ تیسرا گول کرکے اسکور تین ، تین کردیا۔

میچ میں فیصلہ کن گول ارجنٹائن نے کھیل کے آخری مراحل میں کیا اور 3-4 سے فتح اپنے نام کی۔

دن کےدوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے فرانس کو دو۔ ایک سے شکست دی، نیوزی لینڈ کی جانب سے کھیل کے پہلے اور آخری کوارٹر میں گول کرکے دو۔صفر کی برتری حاصل کی لیکن فرانس نے آخری لمحات مزاحمت دیکھا ئی اور کیویز کے خلاف ایک گول اسکور کرنے میں کامیاب رہی اس طرح اسکور دو۔ایک ہو گیااور میچ کا اختتام اسی اسکور پر ہوا۔

گزشتہ روز ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچوں میں پول سی کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تھیں، پہلے میچ میں بیلجیئم نے کینیڈا کو دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔

پول سی کے ہی دوسرے میں بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساؤتھ افریقا کو 0۔5 سے شکست دی تھی۔

ہاکی ورلڈ کپ 2018

16 دسمبر تک شیڈول کیے گئے میگا ایونٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں اسپین، نیوزی لینڈ، فرانس اور ارجینٹائن، گروپ بی آئرلینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا، چائنہ، گروپ سی میں ساؤتھ افریقا، انڈیا، کینیڈا، بیلجیئم اور گروپ ڈی میں پاکستان نیدرلینڈ، ملائیشیا اور جرمنی کو رکھا گیا ہے۔

پاکستان ہاکی ٹیم

پاکستان کو اپنے ابتدائی میچوں میں ہی مشکل حریفوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میگا ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف کھیلے گا، پانچ دسمبر کو پاکستان دوسرے میچ میں ملائیشیا کے خلاف میدان میں اترے گا۔

واضح رہے کہ 1982 میں بھارت میں عالمی کپ جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم ایک بار پھر ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت میں ہے۔

پاکستان 1971، 1978،1982 اور 1994 میں ورلڈ کپ کا فاتح رہا ہے۔ پاکستان ٹیم کو اولمپکس میں کوالیفائی کرنےکے لیے ٹورنامنٹ کی ٹاپ 8 ٹیموں میں آنا لازمی ہے۔


متعلقہ خبریں