ویٹرنز کرکٹ ورلڈ کپ،پاکستان کی دوسری جیت

قومی اسکواڈ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے آج روانہ ہو گا

فوٹو: فائل


سڈنی: سڈنی میں جاری ویٹرنز کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویلز کے خلاف پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

میچ کے آغاز میں ویلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43 اوورز میں 153 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 35.5 اوورز میں پورا کرلیا۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کوپاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد دس رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان کے سابق انٹرنیشنل کرکٹرغلام علی نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ظہیر عباس کے بھائی صغیر عباس 44 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ ویٹرنز کرکٹ ورلڈکپ کے تیسرے مرحلے میں پاکستان اپنا تیسرا میچ جنوبی افریقا سے کھیلے گا۔

میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے آٹھ ممالک کے 50  سال یا اس سے زائد عمر کے سابق انٹرنیشنل کرکٹرز اور فرسٹ کلاس کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور اس میں آٹھ ممالک کی ٹیمیں شریک ہیں۔

جن میں آسٹریلیا، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، جنوبی افریقا، کینیڈا اور ویلز کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ویٹرنز کرکٹ ورلڈ کپ کے تمام میچز 45 اوورز پر مشتمل ہیں اور ہر بولر کو نو اوورز کرانے کی اجازت ہوگی۔

ٹورنامنٹ کے میچز میں انٹرنیشنل کرکٹ میں نافذ ہونے والے تمام قوانین کا اطلاق ہوگا۔ایونٹ میں شامل تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلیں گی جبکہ پانچ دسمبر کو فائنل کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت غلام علی کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں