بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات کا آغاز

فوٹو: فائل


ننکانہ صاحب: سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے 549 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات گورد وارہ جنم استھان میں شروع ہو گئی ہیں۔

سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات کا آغاز اکھنڈا پاٹ کی رسم سے ہوا، جس کے بعد سکھ کمیونٹی کی طرف سے ملکی سلامتی اور امن و امان کے لئے خصوصی دُعا کی گئی۔

بابا گرونانک کی تقریبات میں بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری شریک ہیں۔ تقریبات کے دوران سکھ یاتری متھا ٹیکی، شبد کیرتن، اشنان اور ارداس سمیت اپنی دیگر مذہبی رسومات ادا کریں گے جب کہ تقریبات کا مرکزی پروگرام نگر کیرتن کا جلوس 23 نومبر کو نکالا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجا منصور احمد کے مطابق تقریبات میں شرکت کے لئے دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سکھ یاتریوں کے لئے ٹرانسپورٹ، قیام و طعام اور سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

سکھ یاتریوں نے تقریبات کے دوران بہترین انتظامات کرنے پر حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کیا ہے جب کہ تقریبات میں شرکت کے لئے تین ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے آج ننکانہ صاحب پہنچ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں