راولپنڈی: پاک-سری لنکا ٹیسٹ میچ ڈرا، بابر، عابد علی کی سنچریاں


راولپنڈی: چار روز تک بارش سے متاثر رہنے والا پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے آخری روز کھیل محض رسمی کارروائی تھی کیوں کہ نتیجہ آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر تھے۔

تاہم گرین شرٹس نے اسٹیڈیم میں بڑی تعداد میں آنے والے شائقینِ کرکٹ کو مایوس نہیں کیا اور شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور عابد علی نے سنچریاں اسکور کیں۔

عابد علی نے سری لنکا کے خلاف اپنے ڈیبیو مچ میں سنچری اسکور کر کے ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔

سلامی بلے باز نے رواں سال مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز میں ڈیبیو کرتے ہوئے پہلی ون ڈے سینچری بھی اسکور کی تھی۔

اس طرح وہ ٹیسٹ اور ون ڈے میں ڈیبیو کے دوران سنچری اسکور کرنے والے دنیائے کرکٹ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

دن کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے 252 رنز بنالیے تھے جبکہ اس کے صرف دو کھلاڑی (شان مسعود اور اظہر علی) آؤٹ ہوئے تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں 19 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔

چوتھا دن

میچ کے چوتھے روز بھی راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے چلتا رہے گا۔

خیال رہے کہ سری لنکن ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنا رکھے ہیں اور 3 دن میں صرف 91 اوور کا کھیل ممکن ہوا ہے۔

تیسرا دن

پاکستان بمقابلہ سری لنکا ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل بھی خراب موسم کے نذر ہو گیا تھا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تاریخی میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 282 رنز بنائے جبکہ اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

سری لنکن کپتان دیمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسرا دن

ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کم روشنی کے باعث کھیل وقت سے پہلے ہی ختم کر دیا گیا تھا۔

ایمپائرز نے روشنی کم ہونے کی وجہ سے میچ روکا اور پھر روشنی بہتر نہ ہونے پر کھیل ختم کر دیا گیا۔ میچ کے دوسرے روز صرف 18 اعشاریہ 2 اوورز ہی کھیلے جا سکے اور دوسرے کے روز کے میچ میں سری لنکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 61 رنز بنائے۔

دوسرے روز آؤٹ ہونے والے واحد بلے باز ڈک ویلاتھے پاکستانی باؤلر شاہین آفریدی کا شکار بنے۔

پہلا دن

گزشتہ روز سری لنکن سلامی بلے بازوں نے ٹیم کو 96 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ کرونارتنے 59 جبکہ اوشادہ فرنینڈو 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کوسل مینڈس 10، دنیش چندی مل دو جبکہ اینجیلو میتھیوز 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دن کے اختتام پر دھننجیا ڈی سلوا اور نروشن ڈک والا بالترتیب 38 اور 11 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے دو جبکہ شاہین آفریدی، عثمان شنوری اور محمدعباس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خراب روشنی کے باعث میچ کو 48 منٹ قبل روک دیا گیا جس کے باعث 22.5 اوورز کا کھیل ضائع ہوا۔

قومی ٹیم کی قیادت اظہرعلی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، شان مسعود، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، نسیم شاہ، عثمان شنواری، محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں