کوئی ہو نہ ہو، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے: وزیراعظم

دعائیں کرنے پر بشریٰ بیگم کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی فاشسٹ حکومت کو ہر فورم پر بے نقاب کریں گے اور کشمیر کے لوگ آزادی جیتیں گے۔

امریکہ کے کامیاب دورے کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ پر مختصر خطاب میں انہوں نے قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے رکھ دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے دعائیں کرنے پر بشریٰ بیگم کا خاص طور پر شکریہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ لوگوں کومحصور کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ برے وقت میں مایوس نہیں ہونا چاہیے، کشمیری جدوجہد کررہے ہیں، انشاء اللہ وہ آزادی جیتیں گے، برے وقت میں گھبرانا نہیں چاہیے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ہر فورم پر فاشسٹ مودی حکومت کو بے نقاب کریں گے، دنیا کشمیریوں کے ساتھ ہو یا نہ ہو، ہم ساتھ کھڑے ہیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ اس لیے کھڑے ہیں کیونکہ ان پر ظلم ہورہا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم کشمیریوں کا مقدمہ کامیابی سے لڑنے کے بعد امریکہ سے واپس وطن پہنچے جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم سعودی ائیرلائن کی پروازسے اسلام آباد کےلئے روانہ ہوئے تھے اور ان کا طیارہ آج شام پانچ بجے کےقریب اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔

عمران خان کے وطن واپسی کے موقع پر ان کابھرپور استقبال کرنے کے لئے ملک بھر سے شہری ٹولیوں کی شکل میں پاکستان تحریک انصاف کے جھنڈے اٹھائے ایئر پورٹ پہنچے تھے۔


متعلقہ خبریں