انتظامیہ کی غفلت، اسلام آباد ایئرپورٹ تباہی کے دہانے پر

اسلام آباد: چین سے آنے والے مسافروں کی اسکیننگ مکمل،گھر جانے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ کی غفلت اورلاپرواہی کے سبب 105 ارب روپے کی خطیر رقم سے تیار ہونے والا قومی منصوبہ تباہی کے دھانے پر پہنچ گیا۔

سول ایوی ایشن کی نااہلی کے بعد قومی ایئرلائن نے بھی ملکی و غیرملکی مسافروں کی تکالیف و پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرانتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب الیکٹرانک سیڑھیاں ناکارہ ہوگئی ہیں، واش رومز کی سیٹیں اور ٹائلز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور پھیلی ہوئی گندگی نے سانس لینا بھی دشوار بنادیا ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کی طرح پی آئی اے نے بھی مسافروں کوسخت پریشانی اور اذیت میں مبتلا کرنے کی ٹھان لی ہے۔ اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرقومی ایئرلائن نے قائم اپنے نو کاؤنٹرز میں سے سات کاؤنٹرز بند کردیے ہیں۔

قومی ایئرلائن کی جانب سے کاؤنٹرز کی بندش کے نتیجے میں ملکی و غیر ملکی مسافروں کو ٹکٹ کے حصول میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور وہ سخت اذیت سے دوچار ہیں۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح ہوئے ابھی صرف چھ ماہ کا عرصہ گزرا ہے کہ آئے دن مسائل درپیش ہونے لگے ہیں۔

سول ایوی ایشن اورایئرپورٹ انتظامیہ کی غفلت کے باعث پہلے مسافر لاؤنج میں بارش کا پانی بھرنے کی شکایت سامنے آئی تھی۔

ہم نیوز نے اس سے قبل آوارہ کتوں کے مسافر لاؤنج تک رسائی کی خبر دی اور فوٹیج دکھائی تھی تو ایئرپورٹ منیجر کا تبادلہ کردیا گیا تھا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار بھی اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بارش کا پانی بھرنے کا نوٹس لے چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں