عمران خان کی ابوظہبی کے ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ابوظہبی کے ولی عہد سے ٹیلفونک گفتگو کرتے ہوئے انہیں دعوت دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بات چیت میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ وزیراعظم نے ابوظہبی کے ولی عہد کو اپنی حکومت کی ترجیحات کے بارے میں آگاہ کیا، دونوں سربراہان نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان موجودہ تعلقات اور تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران ابوظہبی کے ولی عہد نے امید ظاہر کی کہ موجودہ حکومت عمران خان کی قیادت میں اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد میں کامیاب ہوگی۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چودھری اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد ان کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبد العزیز کی دعوت پرسرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا دو روزہ دورہ  کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں