قندھار میں انتخابات ایک ہفتے کیلئے مؤخر

فوٹو: فائل


قندھا: افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں دہشتگرد کارروائیوں کے باعث 20 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمنٹری انتخابات ایک ہفتے کے لیے مؤخر کر دیے گئے ہیں۔

انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ قندھار میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد کیا گیا ہے جس میں مقامی پولیس کے جنرل عبدالرزاق محافظ کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے۔

جنرل عبدالرزاق کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ امریکی کمانڈر اسکاٹ ملر سے ملاقات کے بعد آفس سے باہر آ رہے تھے۔ حملے میں مقامی انٹیلی جنس کے کمانڈر بھی مارے گئے تھے اور صوبے کے گورنر زخمی ہوئے تاہم امریکی کمانڈر اسکاٹ ملرمحفوظ رہے۔

افغان میڈیا کے مطابق حملے میں افغان گورنر کے باڈی گارڈ ملوث ہیں۔ پاکستان اور امریکہ سمیت قندھار میں ہونے والے اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی۔

طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا نشانہ جنرل عبدالرازق ہی تھے۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملوں سے امریکی عزم مزید مستحکم ہو گا۔

طالبان نے افغانستان میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو بین الاقوامی سازش قرار دیتے ہوئے عوام کو الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کا کہا تھا۔

افغانستان میں اب تک دس امیدوار دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں اور مزید حملوں کا خدشہ بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔


متعلقہ خبریں