پنجاب حکومت آج آئندہ 8 ماہ کا بجٹ پیش کرے گی


لاہور: پنجاب حکومت آج آئندہ آٹھ ماہ کا بجٹ پیش کرے گی جس کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس دوپہر تین بجے طلب کیا گیا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی زیر صدارت اجلاس ہوگا اور صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت بجٹ پیش کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق  2000 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کیا جائے گا، ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 360 ارب  سے زائد رکھے جانے کا امکان ہے اورغیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لانے کی تجویز پیش کی جا سکتی ہے۔

مالی سال 2018-19 کے بجٹ میں نئی خدمات  کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی تجویز پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ ٹیکس میں کم آمدنی والوں کو ریلیف دیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے بجٹ میں محکمہ تعلیم اور صحت کے لئے بڑی رقم مختص کیےجانے کا امکان ہے جب کہ نئے ترقیاتی منصوبوں کی بجائے جاری منصوبوں کو مکمل کرنے کا فیصلہ بھی متوقع ہے۔

پنجاب حکومت کے نئے بجٹ میں ہیلتھ انشورنس کارڈ کا دائرہ کار 16 اضلاع سے بڑھا کرپورے پنجاب میں پھیلانے کا فیصلہ متوقع ہے اور صفائی کے لئے فنڈز میں اضافہ کی تجویز دی جائے گی۔

حکومت پنجاب بلوچستان میں کارڈک اسپتال بنانے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے لیے نئے بجٹ میں فنڈز مختص کیے جانے کا امکان ہے

جنوبی پنجاب کے لئے ترقیاتی پروگرام کا 34 فیصد دینے کا اعلان متوقع ہے جب کہ پسماندہ علاقوں کے لیے چار ارب مختص کرنے کی تجویز پیش کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے بیشتر محکموں کی بجٹ تجاویز تسلیم کر لی ہیں اور کئی محکموں کی تجاویز اخراجات کے مطابق تبدیل کر دی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں