حکومت نے آتے ہی مہنگائی کا بم گرا دیا ہے، نثار کھوڑو

پیپلزپارٹی کا 17 اکتوبر کو باغ جناح کراچی میں جلسہ منعقد کرنیکا اعلان

لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی صوبہ سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عوام کو سہولتیں دینے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے آتے ہی عوام کے لیے بجلی اور پٹرول مہنگا کر دیا ہے۔

لاڑکانہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کھاد پر سبسڈی ختم کر دی گئی ہے۔ ڈی اے پی اور یوریا کھاد مہنگی کر کے کاشتکاروں کو بھی دبوچ لیا گیا ہے۔ حکومت نے 50 لاکھ گھر بنانے کی بات کی مگر دوماہ میں اس حوالے سے کوئی پالیسی نہیں دی گئی۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ سی این جی مہنگی ہونے کی وجہ سے سی این جی پمپس ہڑتال کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی نیب چیئرمین سے ملاقات شکوک و شبہات پیدا کرتی ہے۔ اگر شہباز شریف پر 10 ماہ پہلے سے مقدمہ چل رہا تھا تو ان کی گرفتاری بھی پہلے ہی ہونی چاہیے تھی۔

نثار کھوڑو نے کہا  کہ موجودہ حکومت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرضہ لینے کا اعلان کیا ہے جبکہ ماضی میں عمران خان امداد لینے کے خلاف بات کیا کرتے تھے۔

ملک میں پانی کی قلت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم 70 ارب ڈالرز میں بنے گا مگر تاحال 4 ارب بھی جمع نہیں ہوئے ہیں۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ اگرڈیم پر کوئی کام نہیں ہوا ہے تو شہباز شریف سے پوچھا جائے کہ انہوں نے 122 ارب اس ڈیم پر خرچ کرنے کی بات کیسے کی تھی۔


متعلقہ خبریں