حکومت مخالف تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے،قمرالزماں کائرہ

فوٹو: فائل


تیمرگرہ: پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدرقمرالزماں کائرہ کا کہنا ہے کہ بھارت خطے میں اپنی چودھراہٹ قائم کرنے کی خاطرامن تباہ کرنے کے درپے ہے لیکن اسے یہ یاد رکھنا چاہیئے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم ریاست کی حفاظت کے لیے متحد ہے۔

انہوں نے تیمرگرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت حکومت مخالف کسی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پر اپوزیشن توڑنے کا الزام غلط ہے۔

سابق وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ اپنی پالیسی کے مطابق اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے کیونکہ ہم جلاؤ اور گھیراؤ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کام کرنے کا پورا موقع ملنا چاہیے۔

پی پی پی پنجاب کے صدرقمرالزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پارٹی کی جانب سے اچھے کاموں کی تعریف جب کہ عوام دشمن پالیسیوں کی بھرپورمخالفت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی 100 ایام حکومتی پالیسی کی سمت متعین کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب زدہ لوگوں کی حکومت میں شمولیت، گیس اوربجلی کے قیمتوں میں اضافہ باعث تشویش ہے۔


متعلقہ خبریں