تشدد اور دہشت گردی عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، بلاول بھٹو


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کرہ ارض پر مکمل امن انسانی خوشحالی کا واحد راستہ ہے، تشدد اور دہشت گردی عالمی امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔

عالمی یوم امن پر پیغام دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے ناانصافی، ظلم، عدم مساوات اور غریبوں کے استحصال کے خلاف لڑنا ہو گا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی امن کے بڑے مقصد کی خاطر ہمیں پسے ہوئے طبقات کی آواز بننا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری ترقی پذیر معاشروں میں جمہوریت کی نشوو نما میں مدد دے۔ جمہوریت، مساوات، اور شفافیت کو تقویت دے کر ہی تنازعات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر انسانی حقوق کا تحفظ ہر معاشرہ کی ذمہ داری ہے، پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امن کی راہ میں ہم نے ہزاروں شہریوں اور فوجی جوانوں سمیت بڑے پیمانے پر سیکیورٹی اہلکاروں کی جانوں کا نذرانہ ہیش کیا ہے، مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم اور سینکڑوں سیاسی کارکن دہشت گردی کا شکار ہوئے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک اور پوری دنیا میں بحالی امن کی جدوجہد جاری رکھنے کا وعدہ کرتی ہے اور وہ  ناانصافی اور غربت کے خاتمے اور بھائی چارہ کے فروغ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔


متعلقہ خبریں