ایشیا کپ 2018: پاکستان اپنے پہلے میچ کے لیے تیار


ابوظہبی: ایشیا کپ 2018 میں آج پاکستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ کھیلنے کے لیے ہانگ کانگ کی ٹیم کے مدمقابل ہوگی۔ مقابلہ کے لیے گرین شرٹس کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

ایشیا کپ 2018 کے دوسرے میچ  کا آغاز آج پاکستانی وقت کے مطابق چار بج کر30 منٹ پر ہو گا۔ شائقین کرکٹ اپنے فیورٹ کھلاڑیوں کو گراؤنڈ میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں جب کہ کھلاڑی بھی مقابلے کے لیے پُر جوش دکھائی دیتے ہیں۔

ہانگ کانگ کی ٹیم پہلی بار ایشیائی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کا حصہ بن رہی ہے۔

ایشیا کپ میں چھ ٹیمیں شریک ہیں جن میں گروپ اے میں پاکستان، انڈیا اور ہانگ کانگ شامل ہیں جب کہ گروپ بی میں سری لنگا، بنگلہ دیش اور افغانستان موجود ہیں۔

گروپ اے کا دوسرا میچ روایتی حریفوں انڈیا اور پاکستان کے درمیان 19 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ سے متعلق گفتگو میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کہہ چکے ہیں کہ ٹیم کا مورال بہت ہائی ہے، وہ خود بھی بیٹنگ پر توجہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں بہترین ٹیمیں کھیل رہی ہیں، ہم بھی اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

19 ستمبر کو ہونے والے پاک بھارت میچ سے متعلق قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ روایتی حریف کے خلاف دباؤ ہوتا ہے لیکن ہم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

حالیہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے میدان میں اترنے والی قومی ٹیم اس سے قبل 2000 اور 2012 کا ایونٹ اپنے نام کر چکی ہے۔ شائقین کو توقع ہے کہ گرین شرٹس 2018 کا ٹائٹل جیتنے میں بھی ضرور کامیاب ہوں گے۔


متعلقہ خبریں