آرمی چیف سے ترک وزیر خارجہ کی ملاقات، باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال


اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  سے ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے ملاقات کی، اس دوران پاک ترک تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں مشرقی وسطی اورعلاقائی سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ  دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ 

ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امن و امان قائم کرنے پر پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور ترکی کے تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے تعاون پر بھی زور دیا۔ 

قبل ازیں ترک وزیر خارجہ نے وفد کے ہمراہ  پاکستانی وفد کے ساتھ مذاکرات کیے۔ مذاکرات سے پہلے ترک وزیر خارجہ  نے شاہ محمود قریشی سے ون آن ون ملاقات کی تھی۔

ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نےمشترکہ پریس کانفرنس کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے میولوت چاوش اولو کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد پاکستان آمد باعث فخر ہے۔ بیشتر معاملات پر پاکستان اور ترکی کا موقف ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد دوں گا۔ ملاقات سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملہ پر ترکی نے پاکستان کا ساتھ دیا۔ انقرہ نے ہمیشہ مشکل معاملات پر اسلام آباد کا ساتھ دیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں