گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہو گا، اعجاز چوہدری

گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہو گا، اعجاز چوہدری|HUMNEWS.PK

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی  آئی) کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت  تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس نہپں بڑھائے گی نہ ہی گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

ہم نیوز کے  پروگرام ’نیوزلائن‘ میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی اسمبلی کا سیشن بلایا جائے گا پارلیمانی کمیشن بھی بنا دیا جائے گا۔ اپوزیشن جماعتیں جو بھی کرنا چاہیں وہ اس میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وزیر اعظم ہاؤس میں رہنے کے بجائے تین کمروں کے گھر میں رہنے کی بات کی تا کہ ملک کا پیسہ بچایا جا سکے۔

ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے اعجاز چوہدری نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو اربوں ڈالرز کا مقروض بنا دیا ہے۔ 

 پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جعفر اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی 22 سالہ جد وجہد میں جتنے نعرے لگائے، ان میں سے ایک پر بھی پورا نہیں اتر سکے۔ عدالت میں تحریک انصاف پر فنڈ ریزنگ کا کیس چل رہا ہے جس میں یہ لوگ ابھی تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سادگی کا درس دیتے ہیں لیکن خود وہ بنی گالہ کے محل میں رہتے ہیں۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ لوگ پارلیمانی کمیشن بنانے کی بات کر رہے ہیں لیکن کوئی ان کو موثر کمیشن نہیں بنانے دے گا۔

جعفر اقبال نے کہا کہ آج تحریک انصاف کی حکومت نے تنخواہ دار لوگوں پر سب بوجھ ڈال دیا ہے جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنا ہوم ورک نہیں کیا تھا۔


متعلقہ خبریں