اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پچاس لاکھ گھروں کے منصوبے کی خود نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے پانچ سالہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلی سطح میں کیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ کی جانب سے وزیرِاعظم کو اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں انہیں ملک میں موجود گھروں کی صورتحال سمیت گھروں کی سالانہ طلب سے آگاہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ عمران خان کو پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے مطلوبہ زمین اور وسائل کی فراہمی کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔
اس کے علاوہ پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پرائیویٹ سیکٹر اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے غوروخوض کیا گیا اور اس کے لئے انتظامی سطح پراقدامات اور متعلقہ قوانین میں ترامیم کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس پروگرام کی اونر شپ وزیرِ اعظم خود لیں گے۔ وزیرِ اعظم نے کمیٹی کو حتمی سفارشات آئندہ دو ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت دے دی۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر تحریک انصاف کی حکومت کے ایجنڈے کا اہم جزو ہے اور بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کے لئے حکومت پرعزم ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر سے نہ صرف ملک میں بے گھر افراد کی رہائش کا مسئلہ حل ہو گا بلکہ اس سے لاکھوں بے روز گار افراد کو نوکریاں میسر آئیں گی اور ہاؤسنگ سیکٹر سے منسلک صنعتوں کو ترقی ملے گی۔