اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے پرائم منسٹر انسپیکشن کمیشن کے چھ افسران کا کانٹریکٹ ختم کردیا گیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کانٹریکٹ کے خاتمے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
ان افسران میں لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ مسرت نعیم، پولیس سروس گریڈ 20 کے راؤ محمد اقبال خان، لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ محمد انوارعباسی، کیپٹن ریٹائرڈ عدنان آفتاب اور چوہدری کبیر احمد خان کے بطور ممبر پرائم منسٹر انسپیکشن ٹیم کے کانٹریکٹ ختم کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس سروس گریڈ 21 کے محمد پرویز راٹھور کو بھی چیئرمین انسپیکشن ٹیم کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، ان تمام ممبران کی کنٹریکٹ پر بھرتیاں کی گئی تھیں۔
اس فیصلے کو وفاقی حکومت کی جانب سے کیے گئے بڑے اقدام میں شمار کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ حکومت کی جانب سے بھی الیکشن سے پہلے بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئیں تھیں اور اس سلسلے میں کئی افسران کے تبادلے بھی کیے گئے تھے۔