اسلام آباد: جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے، ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے نوید سنائی ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم مالا کنڈ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
موسم کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور، قصور، گوجرانوالہ، پشاور ڈویژن، بارکھان، ژوب، اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اسلام آباد 21 ملی میٹر، قصور 20 ملی میٹر، بارکھان 20 ملی میٹر، لاہور 4 ملی میٹر، گوجرانوالہ اور رسالپور ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی اور حبس کی شدت میں کمی واقع ہوئی جس سے شہریوں سے سکھ کا سانس لیا۔
منگل کے روز جن علاقوں میں گرمی کی شدت سب سے زیادہ رہی ان میں سبی 43 ڈگری سینٹی گریڈ، نور پور تھل، بھکر اور تربت 42 ڈگری سینٹی گریڈ شامل ہیں۔