آئندہ تین ماہ نہایت اہم ہیں، منظور وسان


خیرپور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما منظور حسین وسان نے پیشنگوئی کی ہے کہ آنے والے تین ماہ سب کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس والے جیل جائیں گے۔

اپنی رہائش گاہ پر ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مچھ اوراڈیالہ جیلوں سمیت دیگر تمام جیلوں کی صفائی ہوچکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جیلوں میں گرمی بھی ہوگی، سردی بھی ہوگی اورانچارج وہ ہوں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کے متعلق انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے لوگ جیل دیکھ چکے ہیں اس لیے انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہو گا البتہ دوسروں کے لیے جیل جانا مسئلہ بنے گا۔

سابق صوبائی وزیرمنظور حسین وسان نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کو اچانک خواب آئے گا اور وہ پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار بیرسٹر اعتزاز احسن کے حق میں دستبردار ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی صدارت کے لیے بیرسٹراعتزاز احسن اپوزیشن کے متفقہ امیدوار ہوں گے کیونکہ مولانا فضل الرحمان پیپلزپارٹی کو سرپرائز دیں گے۔

پی پی پی رہنما منظورحسین وسان نے کہا کہ زہرہ شاہد ایک بہادر خاتون تھیں لیکن عمران خان نے ان کے ساتھ وفا نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لیے جنرل (ر)  پرویز مشرف کو وطن واپس  لانا ٹیسٹ کیس ہے۔

ایک سوال پر منظور حسین وسان نے کہا کہ جہاز کے پیٹرول کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ  جہاز کی مینٹننس اور کپتان کی تنخواہ کا مسئلہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیں قائد اعظم کے پاکستان میں رہنے دیں۔

منظور حسین وسان نے تجویز پیش کی کہ اگر وفاق حکومت سندھ سے رابطہ کرے افسران کے تبادلے کرے تو بہتر ہوگا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ  دوسرے صوبوں کے وزیراعلیٰ  پر تنقید کرنے والے اپنے وزیراعلیٰ پنجاب کا حال دیکھ لیں۔


متعلقہ خبریں