میانداد کا عامر لیاقت کو الیکشن لڑنے کا چیلنج

عامر لیاقت کومقابلے میں الیکشن لڑنے کا چیلنج | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: سابق ٹیسٹ کرکٹرجاوید میاں داد نے پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما عامر لیاقت حسین کو چیلنج دیا ہے کہ وہ کراچی کے حلقہ این اے 245 سے ان کے مقابلے میں دوبارہ الیکشن لڑیں اور جیت کر دکھائیں۔

جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔ وزیراعظم کو تھوڑا وقت دیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی سب کے سامنے آ جائے گا۔

انہوں نے کہا عوام کو چاہیے پورا ٹیکس دیں اور پھر حکومت سے سہولیات کا مطالبہ بھی کریں۔ جاوید میاں داد نے عندیہ دیا کہ وہ وزیراعظم سے ملاقات میں اپنی تجاویز ان کے سامنے رکھیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے جاوید میاں داد کے چیلنج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر ہمارے ہیرو ہیں، میں انہیں ویسے ہی اپنی نشست دینے کو تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اچھی چیز ہے کہ غصے کے بعد انسان مان جائے، اتنی لچک ہونی چاہیے۔

عامر لیاقت حسین نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے کراچی کے حلقہ این اے 245 سے الیکشن عمران خان کی وجہ سے نہیں اپنی محنت سے جیتا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ کراچی والوں نے پی ٹی آئی کے کسی امیدوار کو نہیں وزیراعظم عمران خان کے نظریے کو ووٹ دیا ہے۔

عامر لیاقت حسین پی ٹی آئی کے ساتھ اختلافات بڑھنے کے سبب پارٹی کا واٹس ایپ گروپ بھی چھوڑ گئے تھے۔


متعلقہ خبریں