روس نے افغان امن مذاکرات ملتوی کر دیے


ماسکو: روس نے  طالبان کے ساتھ اگلے ماہ ہونے والے افغان امن مذاکرات ملتوی کر دیے ہیں۔

مذاکرات افغان حکومت کی جانب سے تحفظات کے اظہار پر ملتوی کیے گئے ہیں، اس سے قبل طالبان کی طرف سے مذاکرات کی دعوت قبول کر لی گئی تھی۔

افغان صدر اشرف غنی نے پیر کے روز روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے رابطہ کر کے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔

اشرف غنی کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کی سربراہی میں امن مذاکرات ہونے چاہیں بصورت دیگر افغان حکومت مذاکرات میں شرکت نہیں کرے گی۔ روسی وزیر خارجہ نے افغانستان کی شرکت یقینی بنانے کے لیے مذاکرات ملتوی کر دیے اور افغان حکومت کی سربراہی میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ان کا کہنا تھا کہ امن مذاکرات کی سربراہی کرنا فغان حکومت کا حق ہے اور روس ان مذاکرات میں شرکت کو اعزاز سمجھے گا۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ صدر اشرف غنی نے حالیہ دہشت گردی کے تناظر میں طالبان کی شمولیت کی وجہ سے مذاکرات میں شرکت سے انکار کیا تھا۔

افغان امن مذاکرات 4 ستمبر کو روس کے دارلحکومت ماسکو میں ہونا طے تھے، ان مذاکرات میں 12 ممالک کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

طالبان نے مذاکرات میں شمولیت کی دعوت قبول کرتے ہوئے اپنے وفد کا اعلان کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں