اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
اس سے قبل عمران خان نے حلقہ این اے 53 پر ووٹ کی رازداری پامال کرنے کے کیس میں الیکشن کمیشن میں تحریری جواب جمع کرایا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان سے قانون کی خلاف ورزی نادانستہ طور پر ہوئی ہے۔
اپنے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ اکیلے پولنگ اسٹیشن کے اندر گئے تھے، پولنگ اسٹاف سے مہر لگانے کی جگہ کے بارے میں دریافت کرنے پر انہیں بتایا گیا کہ پولنگ بوتھ گر گیا ہے اس لیے یہیں مہر لگائی جائے، جب وہ مہر لگا رہے تھے تو میڈیا نے ان کی فوٹیج بنا لی۔
عمران خان نے کہا کہ وہ آئین اور قانون کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں، غیر ارادی طور پر ہونے والی خطا کی معافی چاہتے ہیں اور الیکشن کمیشن سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنا جاری کردہ نوٹس واپس لے کر ان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کرے۔