اسلام آباد: انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مرکزی دفتر کے سامنے حزب اختلاف کی جماعتوں نے مشترکہ احتجاج کیا جس میں انتخابی بے ضابطگیوں پر غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔
ہم نیوز کے مطابق احتجاج میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ مجلس عمل(ایم ایم اے) اور قومی وطن پارٹی کی اعلیٰ قیادت شریک ہے لیکن سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف موسم کی خرابی کے سبب نہیں پہنچ سکے۔
ن لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف موسم کی خرابی کی وجہ سے اسلام آباد نہیں پہنچ سکے ہیں۔
ریڈزون کے تمام راستوں پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور کسی غیر متعلقہ شخص کو الیکشن کمیشن کے گیٹ کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے راجہ پرویز اشرف، سید یوسف رضا گیلانی، سید خورشید شاہ اور شیری رحمان سمیت دیگر رہنما الیکشن کمیشن کے سامنے ہونے والے احتجاج میں شریک ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے خواجہ سعد رفیق، مخدوم جاوید ہاشمی، طلال چودھری، مریم اورنگزیب، عابد شیرعلی اور دیگر قائدین مشترکہ احتجاج میں شریک ہیں۔
متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن، اسلام آباد سے سابق رکن اسمبلی میاں اسلم سمیت متعدد رہنما بھی احتجاج میں شریک ہوئے۔