بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے سبزل روڈ پر گھر کے قریب سے 6 سالہ بچے کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق بچے کی شناخت علی شاہ کے نام سے ہوئی جو 20 اگست سے لاپتہ تھا۔
صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے بچے کے قتل کے محرکات اور واقعے میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
انہوں نے حکام کو واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں 2 فریقین کے درمیان فائرنگ سے ایک راہگیر بچہ زخمی ہو گیا ہے۔
یہ واقعہ باڑہ بازار میں دو فریقین کے درمیان کراس فائرنگ کے نتیجے میں پیش آیا جس میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ایس ایچ او باڑہ زاہد خان آفریدی کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک فریق کے 2 افراد جبکہ دوسرے فریق کا ایک شخص قتل ہوا۔ فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونے والے راہگیر بچے کو طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈوگرہ اسپتال منتقل کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد دیگر ملزمان فرار ہوگئے جبکہ واقعے کی فوری وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔
ایس ایچ او باڑہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔




