سرکاری اسکیم کے تحت 88 ہزار 700 عازمین حج نے پہلی قسط جمع کرا دی ،سرکاری اسکیم میں لانگ حج پیکیج کے تحت ساڑھے 18 ہزار نشستیں باقی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پنجاب سے 46 ہزار 400 عازمین حج ، سندھ سے 23 ہزار 500 ، خیبر پختونخوا سے 11 ہزار 300 ، اسلام آباد سے 3ہزار 933 اور بلوچستان سے 2 ہزار 555 عازمین نے پہلی قسط جمع کروا دی۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان سے 677 اور آزاد کشمیر سے 362 عازمین حج نے پہلی قسط کے واجبات جمع کروائے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل پر آن لائن ادائیگی کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے ، 3 دن میں حج واجبات کی پہلی قسط کی مد میں 55 ارب روپے سے زائد وصول ہوئے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ پاک حج ایپ اور حج پورٹل پر ادائیگی کے لیے پی ایس آئی ڈی کارڈ یا مینول بینک چالان کی سہولت موجود ہے ، 40 فیصد عازمین حج نے ون لنک کارڈ کے ذریعے آن لائن ادائیگی کی، بلوچستان میں آن لائن ادائیگی کا تناسب حیرت انگیز طور پر 72 فیصد رہا۔
وزارت مذہبی امور نے حج 2027 پر جانے کے خواہشمند عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج پورٹل پر اپنے کوائف اور ادائیگی کا عمل جلد مکمل کریں تاکہ نشست محفوظ کی جا سکے۔ 40 روزہ حج پیکیج میں مطلوبہ تعداد پوری ہونے پر بکنگ روک دی جائے گی۔
چار دن قبل وزیراعظم شہبازشریف نے وزیر مذہبی امور سردار یوسف کو عازمین حج کو بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے سردار یوسف نے ملاقات کی تھی جس میں وزیراعظم کو حج کی تیاریوں اور انتظامات کی پیشرفت کے علاوہ وزارت مذہبی امور سے متعلق دیگر امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے عازمین حج کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور مؤثر انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حج کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔



