محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اسلحہ ڈیلرز کی ڈیجیٹل انوینٹری لازم قرار دے دی،تمام اسلحہ ڈیلرز اپنے مکمل اسٹاک اور ہر قسم کی خرید و فروخت کا اندراج آن لائن پورٹل پر کرنے کے پابند ہوں گے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہر اسلحہ ڈیلر کے پاس موجود تمام بندوقوں اور گولیوں کا مکمل ریکارڈ محکمہ داخلہ کے آن لائن پورٹل پر دستیاب ہوگا،پنجاب میں اسلحہ ڈیلرز کی خرید و فروخت کا تمام ریکارڈ بھی آن لائن دستیاب ہوگا۔

پنجاب میں بزنس آرمز لائسنس ہولڈرز کیلئے انوینٹری ماڈیول نافذ کر دیا گیا جس کے تحت اسلحہ ڈیلرز کے موجودہ اسٹاک اور خرید و فروخت کے اندراج کیلئے 26 اگست 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے ۔
اسلحہ ڈیلرز مقررہ تاریخ تک اپنے موجودہ اسٹاک کا مکمل اندراج یقینی بنائیں،محکمہ داخلہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ ضلع کے اسلحہ ڈیلرز کی تفصیلات ارسال کر دیں۔
اپنی انوینٹری اپ لوڈ کرنے میں ناکام رہنے والے اسلحہ ڈیلرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی،قانون کے مطابق اپنے اسٹاک کی تفصیلات اپلوڈ نہ کرنے والے اسلحہ ڈیلرز کے لائسنس معطل، کاروبار سیل اور جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
اسلحہ ڈیلرز کیلئے خصوصی تربیتی ورکشاپ پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی آڈیٹوریم میں سوموار 24 اگست کو صبح ساڑھے 10 بجے ہو گی۔
