جمرود (عزت گل): خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں چوری کی ایک انوکھی واردات سامنے آئی ہے جس میں ‘خزانے’ کی تلاش میں نکلا چور ایسا جال میں پھنسا کہ مدد کے لیے لوگوں کو پکارنا پڑا۔
یہ واقعہ جمرود چنار کلے میں پیش آیا جہاں رات کے اندھیرے میں ایک نامعلوم شخص 80 میٹر گہرے کنویں میں گر گیا۔
کنویں سے نکلنے کے لیے پہلے تو یہ شخص خود ہی ہاتھ پاؤں مارتا رہا، جب کوئی صورت نہ بنی تو شور مچا کر اہل علاقے کی مدد چاہی۔
چیخیں سننے پر مقامی افراد کنویں کے پاس پہنچے اور صورتحال کا اندازہ ہوتے ہیں ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔
ریسکیو 1122 خیبر اور میڈیکل ٹیمیں موقع پر پہنچی جنہوں نے امدادئی کاروائی کے دوران مذکورہ شخص کو ریسیکیو کیا۔
ریسکیو کے مطابق کنویں میں گرنے اور اپنے طور پر باہر نکلنے کی کوشش کرنے سے یہ شخص کافی زخمی ہو چکا تھا، جسے باہر نکال کر میڈیکل ٹیم کے حوالہ کیا گیا۔
میڈیکل ٹیم نے مضروب شخص کو موقع پر طبی امداد فراہم کی اور اس کے بعد ہسپتال منتقل کردیا۔
مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ مذکورہ شخص مبینہ طور پر کنویں میں لگا واٹر پمپ چوری کرنے کی کوشش کر رہا تھا جس دوران کنویں میں گر کر پھنس گیا۔
ان کے مطابق مبنیہ چور کو اس لیے پولیس کے حوالے نہیں کیا کہ ایک تو وہ زخمی حالت میں تھا، اور دوسرا یہ کہ وہ نشے کا عادی تھا جن کا اپنا نشہ پورا کرنے کے لیے ایسی چھوٹی موٹی چوریاں کرنا معمول ہے۔
