ڈھاکا: بنگلادیش نے واضح کیا ہے کہ بھارت جب تک سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو حوالے نہیں کرتا، وزیراعظم طارق رحمان بھارت کا دورہ نہیں کریں گے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بنگلادیشی وزارت خارجہ کے عہدیدار اے کے ایم شاہد الکریم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم طارق رحمان کے آئندہ ہفتے بھارت کے ممکنہ دورے سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ بنگلادیش کا مؤقف ہے کہ وزیر اعظم کے بھارت دورے کے لیے پہلے سازگار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے، جس کے لیے بھارتی حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ شیخ حسینہ اور دیگر مفرور ملزمان کی حوالگی کے معاملے میں اپنی کوششیں تیز کریں۔
واضح رہے کہ 2024 میں عوامی احتجاج کے بعد اُس وقت کی وزیراعظم شیخ حسینہ بھارت چلی گئی تھیں، جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی۔
بنگلادیش میں شیخ حسینہ کو انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں مجرم قرار دیئے جانے کے بعد سزائے موت کا سامنا ہے۔ بنگلادیشی حکومت ان کی حوالگی کے لیے بھارت سے متعدد مرتبہ باضابطہ درخواست کرچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خلیجی ممالک نے ایران سے متعلق ٹرمپ کی پالیسی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کردیا
دوسری جانب بھارت کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ کی حوالگی سے متعلق بنگلادیش کی درخواست کا قانونی طریقہ کار کے تحت جائزہ لیا جا رہا ہے اور معاملہ فی الحال زیرغور ہے۔
