پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم شہباز شریف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی موجودہ پالیسی پر نظرثانی کی درخواست کر دی۔
پاکستان بزنس فورم کے صدر خواجہ محبوب الرحمان کی جانب سے لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام پر فوری نظرثانی کرے تاکہ عوام اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین ، ایک ہفتے میں پیٹرول 20 اور ڈیزل 55 روپے مہنگا ہو گیا
خط میں تجویز دی گئی ہے کہ پیٹرولیم لیوی کو 18 فیصد جی ایس ٹی کے مساوی فی لیٹر مقرر کیا جائے، تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کے فی لیٹر مارجن میں بھی کمی کی جائے تاکہ ایندھن کی قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔
پاکستان بزنس فورم کے مطابق موجودہ قیمتوں کے تعین کے فارمولے نے کاروباری برادری اور عوام کو جمود کا شکار کر دیا ہے، جس کے باعث معاشی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مشکل حالات میں حکومت کا کام عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہوتا ہے، معیشت کو سہارا چاہیے لیکن حکومت کے رویے سے ایسا نظر نہیں آ رہا۔
وزیر پیٹرولیم کی یقین دہانی پر پیٹرول پمپوں کی ہڑتال دو ہفتوں کے لیے مؤخر
پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں فوری مداخلت کرتے ہوئے کاروباری طبقے اور عوام کے ساتھ کھڑے ہوں۔
واضح رہے حکومت روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کر رہی ہے ، جس کا فیصلہ 17 جون کا کابینہ اجلاس میں کیا گیا تھا۔
