مون سون کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہوتے ہی مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔ اس کے علاوہ لاہورسمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بھی بادل برسے۔
محکمہ موسمیات نے دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، پشاور، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، نوشہرہ، باجوڑ، ہنگو، کوہاٹ، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، ملتان، جھنگ، بھکر، میانوالی، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے نئے سلسلے کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ کراچی میں بھی موسم گرم اور حبس برقرار رہنے کی توقع ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے اور ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، کوہلو اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے۔
