راولپنڈی: ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اڈیالہ جیل اور حساس تنصیبات کے اطراف اجتماعات پر پابندی عائد کر دی۔
راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے اڈیالہ جیل، ریڈ زون اور حساس تنصیبات کے اطراف ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جلسے، جلوس، دھرنے، ریلیاں اور دیگر عوامی اجتماعات پر پابندی ہو گی۔ اس کے علاوہ اسلحہ، لاٹھیاں، پتھر، پٹرول بم اور دھماکا خیز مواد لے کر چلنے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے قائم رکاوٹیں ہٹانے یا ٹریفک میں خلل ڈالنے پر بھی پابندی عائد رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سنا ہے ڈونلڈ ٹرمپ چین جاتے ہوئے پاکستان میں رکیں گے، خواجہ آصف
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 5 مئی سے 19 مئی 2026 تک مؤثر رہے گا۔ جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔
