مہمند ایجنسی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ دیگر اسلامی ممالک میں مسلمان ہتھیاروں سے مقابلہ کررہے ہیں اور پاکستان میں ووٹ کے ذریعے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے حکومتیں بلٹ سے تبدیل ہوتی تھیں جبکہ آج بیلٹ سے بدلتی ہیں۔
متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنما سراج الحق نے الزام لگایا کہ بعض سیاسی پارٹیاں ملک میں مغربی تہذیب لانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائل کا دین سے لگاؤ روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کا انتخابات میں حصہ لینا اللہ کے دربارمیں ذمہ داری قبول کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کربلا میں بھی امام حسین نے ظلم کے حق میں رائے دینے سے انکار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کربلا میں ہونے والی جنگ کا مقصد بھی حق اورسچائی کی بالادستی کو یقینی بنانا تھا۔
سرج الحق نے کہا کہ قبائل نے انضمام کی تحریک میں کامیابی حاصل کی ہے جس میں جماعت اسلامی کا بنیادی کردار ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایم ایم اے کی کامیابی کی صورت میں ملک میں اسلامی نظام نافذ کریں گے۔