فواد چوہدری اور سائرہ افضل تارڑ انتخابات کے لیے اہل قرار


اسلام آباد: سپریم کورٹ پاکستان نے تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری اور مسلم لیگ نواز کی رہنما سائرہ افضل تارڑ کو انتخابات کے لیے اہل قرار دے  دیا ہے۔

سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی جو ان کے مخالف امیدوار سید گوہر حیدر کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

سپریم کورٹ نے درخواست گزار سے کہا کہ آپ کو کاغذات نامزدگی کے وقت اعتراض کرنا چاہیے تھا لیکن آپ نے کاغذات منظور ہونے کے بعد امیدوار پر اعتراض کیا ہے، آپ کو درخواست دائر کرنے کے بجائے اپیل مسترد ہونے کے فیصلے کو چیلنج کرنا چاہیے تھا۔

فواد چوہدری جہلم میں قومی اسمبلی کے اپنے آبائی حلقے این اے 67  سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔

الیکشن ٹریبونل کی جانب سے فواد چوہدری کو نااہل قرار دیا گیا تھا جس پر انہوں نے ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس نے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی تھی۔

سپریم کورٹ نے مسلم لیگ نواز کی امیدوار سائرہ افضل تارڑ کو بھی انتخابات کے لیے اہل قرار دیتے ہوئے نااہلی کی درخواست خارج کر دی ہے۔

سائرہ افضل تارڑ حافظ آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 87 سے نون لیگ کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔

سائرہ افضل تارڑ کے خلاف اُن کے مخالف امیدوار شوکت علی بھٹی نے درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ کاغذات نامزدگی میں دو بینک اکاؤنٹس کا ذکر تو کیا گیا ہے لیکن اُن کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔


متعلقہ خبریں