وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں ٹریفک پولیس اہلکار پر تشدد کے معاملے میں گرفتارملزم کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کرکے متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا گیا۔
ڈیوٹی جج محمد شہزاد خان کی عدالت میں گرفتارملزم عاقب نعیم کو پیش کیاگیا،پولیس کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ، عدالت نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ملزم کو صبح متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ملزم کے خلاف تھانہ آئی نائن میں دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے،ایف آئی آر متن کے مطابق ملزم نے پولیس پارٹی پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی۔
پولیس اہلکاروں نے بمشکل جان بچائی، حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوا،ملزم نے موقع پر سرکاری وائرلیس سیٹ چھین کر اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
حملہ آور نے وردی پھاڑ دی، پولیس پارٹی پر لاتوں اور مکوں سے حملہ کیا، پولیس کی تعاقب ٹیم پر بھی گاڑی سے سیدھی فائرنگ کی گئی،فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
