مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے نوجوان شہید


سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان شہید ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا میں بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا  گیارہویں جماعت کا طالب علم عبید منظور شہید ہو گیا، اسے 25 جون کو ضلع بارہ مولا میں سوپور کے علاقے نڈیہال میں فوج نے اس وقت فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا جب وہ کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے اور کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کے خلاف احتجاج کر رہا تھا، عبید منظور پچھلے 15 دن سے سری نگر کے اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا تھا۔

منگل کے روز مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں کشمیریوں نے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کیا، بھارتی فورسز نے مظاہرین پر آنسوگیس اور پیلٹ گنز کا استعمال کیا جس سے کئی نہتے شہری زخمی ہوئے۔

جون میں مقبوضہ کشمیر کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے استعفی دے دیا تھا جس کے بعد وہاں گورنر راج  نافذ کر دیا گیا، محبوبہ مفتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سری نگر دشمن کا علاقہ نہیں، مسئلہ طاقت سے حل نہیں ہو گا، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیریوں اور پاکستان سے بات ہونی چاہیے۔


متعلقہ خبریں