شندور پولو میلے کے دوسرے روز تین میچز کھیلے جائیں گے

شندور میلے کے دوسرے روز پولو کے تین میچز کھیلے جائیں گے | urduhumnews.wpengine.com

غذر: دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ  شندور میں سالانہ میلے کے دوسرے روز گلگت اور چترال کی مختلف ٹیموں کے درمیان پولو کے تین میچز کھیلے جائیں گے۔

میلے کے دوسرے روز گلگت ڈی کا مقابلہ چترال ڈی سے ہوگا جب کہ گلگت بی کا چترال بی اور آفیسرز کلب کا ٹاکرا ہوگا۔

شندور میلے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فلڈ لائٹس میں پولو میچز کھیلے جا رہے ہیں جس میں چترال اور گلگت کی کئی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

میلے کے دوران گلگت بلتستان حکومت اور چترال انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

گزشتہ روز شندور پولو فیسٹیول 2018 کے افتتاحی روز چترال کی لاسپور پولو ٹیم نے گلگت کی غذر ٹیم کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے ہرا دیا تھا۔

تین روزہ پولو فیسٹیول سات سے نو جولائی تک جاری رہے گا، سیاحوں کی شندور آمد کے پیش نظر لواری ٹنل 11 جولائی تک مکمل طور پر کھلی رہے گی۔

شندور پولو گراونڈ سلسلہ ہندوکش کی خوبصورت وادی چترال سے 168 کلومیٹر اور گلگت سے 211 کلومیٹر کے فاصلے پر ضلع چترال میں واقع  ہے۔

سطح سمندر سے ساڑھے بارہ ہزار فٹ کی بلندی پر واقع شندور میں 1936 سے ہر سال جولائی میں پولو ٹورنامنٹ کھیلا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp