پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کر دی گئیں

petrol-price

اسلام آباد: نگران وزیربرائے توانائی سید علی ظفر کا کہنا ہے کہ عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ جو آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہو گا۔

ہفتہ کو سامنے آنے والے بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پٹرول پر سیلز ٹیکس 17 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 31 فیصد سے کم کر کے 24 فیصد اور لائٹ ڈیزل آئل پر 17 فیصد سے کم کر کے نو فیصد کیا جا رہا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں چار اعشاریہ 26 روپے کمی کر کے نئی قیمت 95 روپے 24 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں چھ اعشاریہ 37 روپے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 112 روپے 94 پیسے ہو گئی ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں تین روپے 74 پیسی کی کمی کی گئی ہے، نئی قیمت 83 روپے 96 پیسے مقرر کی گئی ہے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت پانچ اعشاریہ 54 روپے کمی کے ساتھ 75 روپے 37 پیسے ہو گئی ہے۔

نگران وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے اسی لیے مشکل معاشی صورتحال میں بھی یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

سید علی ظفر کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ناصرف عوام کو سہولت حاصل ہو گی بلکہ پراڈکشن کی لاگت کم ہو کر معیشت کو فروغ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی وجہ سے حکومت کی آمدن میں 10 ارب روپے کی کمی ہو گی۔


متعلقہ خبریں