انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری دے دی ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کا قرض پروگرام روکنے کی بھارت کی درخواست مسترد کر دی، بھارت نے پاکستان کی قسط رکوانے کےلیے آئی ایم ایف سے رابطہ کیا تھا۔
عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے اقتصادی جائزے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت آئی ایم ایف نے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی دوسری قسط جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کو دوسری قسط کے تحت ایک ارب ڈالر جاری کیے جائیں گے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 25 مارچ کو طے پایا تھا، 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت 1 ارب ڈالر پہلے ہی مل چکے ہیں،
آئی ایم ایف نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بھی 30 کروڑ ڈالر قسط کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نےعالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کی جانب سے پاکستان کیلئے ایک ارب ڈالر کی قسط کی منظوری اور بھارت کے اس کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے ناکام ہونے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بھارت یکطرفہ جارحیت سے ہماری ملکی ترقی سے توجہ ہٹانے کی مذموم سازش کر رہا ہے، حکومت ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتر کارکردگی اور نجی شعبے کی ترقی جیسے اہم شعبوں کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، پاکستان کے معاشی استحکام کے لائحہ عمل، موثر کارکردگی اور اس حوالے سے پائیدار منصوبہ بندی کے لئے پر عزم ہیں۔
پاکستان کیساتھ تعاون رہیگا، معاشی پروگرام کی بھرپورحمایت کرتے ہیں، آئی ایم ایف
وزیراعظم نے اس حوالے سے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال سمیت حکومت کی معاشی ٹیم کی کارکردگی کی ستائش کی ۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معاشی صورتحال بہتر اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہے،بھارت یکطرفہ جارحیت سے ہماری ملکی ترقی سے توجہ ہٹانے کی مذموم سازش کر رہا ہے،بین الاقوامی اداروں نے بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو ذمہ دارانہ انداز سے مسترد کیا،آئی ایم ایف کے پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوئیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پروگرام سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور اسے طویل مدتی بحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی ،حکومت ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتر کارکردگی اور نجی شعبے کی ترقی جیسے اہم شعبوں کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے،گزشتہ چودہ ماہ میں بہتر معاشی اشاریے حکومت کی مثبت پالیسیوں کا مظہر ہیں،پاکستان کے معاشی استحکام کے لائحہ عمل، موثر کارکردگی اور اس حوالے سے پائیدار منصوبہ بندی کے لئے پر عزم ہیں ۔