اسٹاک مارکیٹ، کاروبار کا مثبت آغاز، 180 پوائنٹس کا اضافہ


کراچی: پیر کے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز مثبت آغاز دیکھنے میں آیا اور ہنڈرڈ انڈیکس میں  180 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا، ابتدائی ایک گھنٹے کے لین دین کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس اس وقت  42 ہزار 92  پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

29 جون کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران کاروبار میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ برقرار رہا تھا لیکن مجموعی طور پر تیزی کے اثرات غالب رہے  اور کے ایس ای  ہنڈرڈ انڈیکس میں 273.52 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جب کہ مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں بھی ایک کھرب 25 ارب 55 کروڑ 5 لاکھ  روپے سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

گزشتہ ہفتہ کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کا آغاز شدید مندی سے ہوا تھا، سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ  نکالنے کے دباؤ کے سبب کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 41 ہزار کی نفسیاتی حد سے  بھی محروم ہو گیا تھا اور ہنڈرڈ  انڈیکس  659.15 پوائنٹس کی کمی سے  40978.23 پوائنٹس کی سطح  پر آ گیا تھا۔

مندی کے باعث 78  فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں گر گئیں جس سے سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 7 ارب 97 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا  پڑا تاہم گزشتہ منگل (26 جون 2018) کو مندی کے  بادل  چھٹ  گئے اور اتار چڑھاؤ کے بعد کاروبار تیزی کی جانب گامزن ہو گیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 41 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر کے 267.86  پوائنٹس کے اضافے سے 41246.09 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

بدھ 27 جون کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا اور کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 471.90 پوائنٹس کے اضافے سے 41717.99 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

جمعرات 28 جون کو بھی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار رہا اور کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس مزید 279.86 پوائنٹس کے اضافے سے 41997.85 پوائنٹس کی سطح  تک پہنچا، حصص کی خریداری میں دلچسپی بڑھنے کے باعث 67.88 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 75 ارب 20 کروڑ 6 لاکھ  روپے سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

جمعہ 29 جون کو تین روزہ تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا اور کاروباری ہفتے کے آخری روز اتار چڑھاؤ کے بعد اسٹاک مارکیٹ پر مندی غالب آ  گئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 86.95 پوائنٹس کی کمی سے 41910.90 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

اسٹاک مارکیٹ کے  تجزیہ نگاروں اور معاشی ماہرین  نے توقع ظاہر کی تھی کہ آئندہ ہفتہ بھی اسٹاک مارکیٹ میں محدود پیمانے پر اتار چڑھاؤ کا سلسلہ برقرار رہ  سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں